حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نیویارک/ حوزہ علمیہ المہدیؑ کے سربراہ حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا ڈاکٹر سخاوت حسین سندرالوی امام جمعہ نیویارک نے انتہائی مقبول شاعر اہل بیت اور انتہائی مخلص ذاکر اہل بیتؑ ڈاکٹر ریحان اعظمی کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم شاعر نے خدمت مکتب اہل بیت ؑ میں زندگی کا کوئی لمحہ فرو گزاشت نہیں کیا ۔ وہ ایک بلند پایہ شاعر، عقیدت میں ڈوبے ہوئے ذاکر اور غیرت مند سید زادے تھے۔دنیا کا شاید کوئی ہی علاقہ ہو جہاں ان کے لکھے ہوئے نوحے و سلام نہ پڑھے جاتے ہوں۔ان کے نوحے، سلام ، منقبتیں اور قصائد تعداد میں ایک لاکھ سے کم نہیں ہوں گے۔دو سو ماتمی انجمنوں کے لئے انہوں نے نوحے لکھے۔عموما وہ چھوٹی بحر میں کلام لکھتے تھے۔دنیا کے معروف نوحہ خوان انہی کے کلام سے شہرت حاصل کرتے۔میری ان سے ملاقاتیں کراچی اور کینیڈا میں رہیں ۔ میں نے ان کو بہت مخلص پایا۔
حجۃ الاسلام سندرالوی نے پاکستانی شیعہ قوم سے شکوہ کیا کہ دو سو انجمنیں مل کر اور بیسیوں شہرت یافتہ نوحہ خوان مل کر مرحوم سید زادے کو ایک وہیل چئیر لے کر نہ دے سکے۔
انہوں نے کہا جب تک پاکستانیوں میں خمس کا نظام رائج نہیں ہوتا۔ سادات و مؤمنین، علماء و ذاکرین کسمپرسی کی موت مرتے رہیں گے۔خمس دینا اور مراجع یا انکی تائید سے خرچ کرنا اور سہم سادات غریب سادات تک پہنچانے کا کام پاکستان میں ایسے نہیں ہو رہا جیسے ہو نا چاہئے ۔ مرحوم کی وفات کی اطلاع ملتے ہی المہدیؑ سنٹر بروکلین میں فاتحہ کی گئی اور بلندی درجات کے لئے دعائیں کی گئیں۔